کوروناوائرس:بڑھتے وباکے خوف سے دارالعلوم وقف دیوبندمیں تعطیل کااعلان
دیو بند: ملک میں ایک بار مرتبہ پھر کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملوں کا اثر دینی مدارس پر بھی پڑنے لگا ہے۔ طویل عرصے کے بعد تعلیمی سلسلہ شروع ہونے کے بعد اب ایک بار پھر مہلک بیماری کے پھیلنے کے سبب تعلیمی سلسلہ منقطع ہونا شروع ہو گیا ہے، اسی سلسلے میں ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند نے ایک مرتبہ پھر کرونا کے بڑھتے ہوئے اثر کے مدنظر ادارے میں درجہ اول تا چہارم تک کے طلبہ کی تعطیل کا اعلان کردیا ہے اور کہا گیا ہے کہ مذکورہ درجات کی تعلیم آن لائن چلے گی، جبکہ دیگر درجات کی تعلیم کا سلسلہ فی الحال بدستور جاری رہے گا۔
دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا سفیان قاسمی نے بدھ کے روز طلبہ کے لیے جاری اعلان میں کہا کہ طلبۂ عزیز- ایک مرتبہ پھر کورونا کے افزوں تر اثرات اور اس کی بنا پر پیدا ہوئی غیر یقینی صورت حال کے تناظر میں ملک کی مختلف ریاستوں میں بندشوں کے دائرہ عمل میں توسیع کے بعد ریاست اتر پردیش میں بھی کرونائی بندشوں کا آغاز ہو چکا ہے؛ نیز مستقبل قریب میں بھی مثبت اثرات نظر نہیں آرہے ہیں جس کے پیش نظر ادارہ نے یہ فیصلہ لیا ہے کہ از عربی اول تا عربی چہارم بالمشافہ تعلیم کا سلسلہ فی الحال موقوف کرتے ہوئے مذکورہ درجات کی آن لائن تعلیم کا سلسلہ مؤرخہ 8جنوری2022ء بروز ہفتہ سے شروع کیا جائے،لہذا مذکورہ درجات کے طلبہ اپنے وطن واپسی کا نظام بنالیں ۔ امتحانات کے سلسلہ میں اگلی ہدایات کا انتظار کریں ، بقیہ درجات کی تعلیم حسب معمول جاری رہے گی۔
غور طلب ہے کہ اتر پردیش میں تیزی سے بڑھتے کرونا کے معاملوں کے مدنظر یوگی حکومت نے صوبے میں کئی طرح کی پابندیاں لگا دی ہیں، نائٹ کرفیو رات دس بجے سے صبح 6 بجے تک کر دیا گیا ہے-
جبکہ 14 جنوری تک سبھی سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے، اتنا ہی نہیں شادی اور دیگر تقریبات میں مہمانوں کی تعداد کو محدود د کرنے کے ساتھ کووڈ ہدایات پر عمل کرنے کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔ بتا دیں کہ اترپردیش میں کرونا کے 3 ہزار سے زائد ایکٹیو معاملے ہیں جس میں 26 نئی قسم اومیکرون کے مریض ہیں۔